کراچی (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ممکن نہیں۔
قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں کراچی میں این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے سیکیورٹی صورت حال سمیت تمام امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا کہ بیلٹ پیپرز، مقنا طیسی سیاہی اور ضروری سامان رینجرز کی نگرانی میں تقسیم کیا جائے گا جب کہ عملے کی تعیناتی کے حوالے سے امیدواروں کی شکایات دور کی جائیں گی۔ انتخاب کے روز فرائض انجام دینےوالے تمام عملے کی جانچ پڑتال اور ان کی حاضری کو یقینی بنایا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ 3 ہزار اہلکار این اے 246 میں جبکہ 4 ہزار شہر میں تعینات کئے جائیں گے اس کے علاوہ ریپڈ رسپانس فورس بھی الرٹ پر ہو گی۔ پولنگ کے روز امن و امان قائم رکھنے کے لئے عارضی چوکیاں قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جس میں پولیس کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پولنگ ہونے کے بعد بھی رینجرز عملے کی سیکیورٹی کے لئے تعینات رہے گی۔ واضح رہے کہ رینجرز حکام نے الیکشن کمیشن سے این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور بائیو میٹرک سسٹم کے تحت انتخاب کرانے کی درخواست کی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے فوری طور پر بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے انتخاب کو ناممکن قرار دے دیا تھا۔