لاہور…..پاکستانی سیاست کو نیا اندازاور سماج کو نئی سمتیں بخشنے والے لیڈر ذولفقار علی بھٹو کا آج اٹھترواں یوم پیدائش ہے۔ وڈیروں کی دنیا میں آنکھ کھولنے والے وہ ایک غریب پرور سیاست دان تھے۔5جنوری 1928 کو لاڑکانہ میںسر شاہ نواز بھٹو کے گھر آنکھ کھولنے والے اس بیٹے کی زندگی اپنے اندر عجب کہانیاں اور رومانویت لیے ہوئے ہے،جنم تو ہوا سندھ کے جاگیردار گھرانےمیں مگردل میں غریبوں کا درد اوران کی زندگیوں میں بہتری لانے کا طوفان۔بظاہر ایک تضاد سامگر یہی سوچ پروان چڑھ کر سیاست میں آمد کا عزم بن گئی۔بھٹو کووڈیرا خاندانی حیثیت کبھی بھی عوام سے دور نہ رکھ سکی امیر اور غریب کی دو دنیاؤں کے بیچ رہ کر بھی سیاست میں جو توازن اپنایا، انہی کا خاصا بنا۔ عوام کے قریب تر ہونے میں جن حالات اور عوامل نے مدد کی ،ان میں ان کی والدہ مرحومہ بھی تھیں ۔ذالفقار علی بھٹو کے مخالف ہوں یا دوست ،سبھی ان کی دور بیں نظروں اور دوراندیشی کا اعتراف کرتے دکھائی دیتے ہیں ،وہ اپنے وقت سے پہلے پیدا ہوئے اور وقت سے پہلے لیڈر بن کر ابھرے، شاید یہی وجہ تھی کہ وقت سے پہلے اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔