جنوبی افریقا نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ مہمان ٹیم بولنگ کی طرح بیٹنگ میں اچھی کارکردگی نہ دکھاسکی۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اس نے اپنی پہلی اننگز میں 7وکٹوں پر 181رنز بنائے تھے۔
قبل ازیں جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 286رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ سرنگا لکمل نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔منگل کو پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقی ٹیم نے 267 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم پوری ٹیم ٹوٹل میں 19 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ڈی کوک37، فلینڈر13، کیشو مہاراج اور کائل ایبٹ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ جواب میں سری لنکن ٹیم بھی فلینڈر اور کائل ایبٹ کی برق رفتار گیندوں کے سامنے لڑکھڑا گئی۔دیمتھ کرونارتنے5، کشال سلوا16، کشال پریرا7، کشال مینڈس صفر، کپتان اینجلو میتھیوز39، دنیش چندی مل28 اور رنگاناہیراتھ24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کو میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 105رنز درکار ہیں۔ دھانن جایا ڈی سلوا43 اور چمیرا7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ فلینڈر نے3، ایبٹ نے2، جبکہ ربادا اور مہاراج نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔