قطر: قطر کی قدیم ترین ادبی انجمن ‘بزم اردو قطر’ کے زیر اہتمام نوجوان ادیب و صحافی، سہ ماہی دربھنگہ ٹائمز کے مدیر ڈاکٹر منصور خوشتر کے اولین مجموعہ کلام ”کچھ محفل خوباں کی” کی رسم اجرا ‘دکن ہال’ دوحہ میں ادا کی گئی۔ تقریب کی صدارت محمد ممتاز راشد لاہوری نے فرمائی۔ نظامت کے فرائض احمد اشفاق اور محمد اطہر اعظمی نے کی۔
تقریب رسم اجرا میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سید فہیم الدین اور مہمان اعزازی کی حیثیت سے جمال احمد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکائے محفل نے ڈاکٹر منصور خوشتر کی علمی و ادبی خدمات کی ستائش کی اور ان کے مجموعہ کلام کے حوالے سے گفتگو کی۔ بزم کے جنرل سکریٹری احمد اشفاق نے ڈاکٹر منصور خوشتر کے کلام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منصور خوشتر نہ صرف ایک فعال صحافی ہیں بلکہ وہ ایک بہترین شاعر بھی ہیں۔ ان کی شاعری میں روایت اور جدت کا حسین امتزاج ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصور خوشتر کے کلام سے ان کے روشن مستقبل کا پتہ چلتا ہے۔ انجینئر قمر حمال ہاشمی نے کہا کہ منصور خوشتر کی غزلوں میں سیاسی و سماجی شعور کے ساتھ ساتھ بھر پور تغزل بھی ہے۔ انہوں نے اس عہد کے دوسرے شعرا سے الگ اپنی الگ شاہراہ بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ صدر محفل ممتاز راشد نے بھی کتاب کی اشاعت پر ڈاکٹر منصور خوشتر کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اسی طرح پوری فعالیت کے ساتھ زبان و ادب کی خدمت انجام دیتے رہیں گے۔ امجد علی سرور کے اظہار تشکر کے ساتھ یہ خوبصورت تقریب اختتام کو پہنچی۔