انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین ششانک منوہر کے مجوزہ دورہ پاکستان کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔
پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے گزشتہ ماہ آئی سی سی کے اجلاس کے موقع پر چیئرمین آئی سی سی ششانک منوہر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔ ششانک منوہر کے رضامندی ظاہر کرنے کے بعد پی سی بی نے باضابطہ طور پر آئی سی سی کو دعوت نامہ بھی بھجوا دیا اور آئی سی سی نے دورے کو ممکن بنانے کے لیئے منصوبہ بندی شروع کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے دو بڑوں کے درمیان ششانک منوہر کے دورے کے حوالے سے ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے یہ دورہ کٹھائی میں پڑ گیا اور آئی سی سی کو بتایا گیا ہے کہ موجودہ صورت حال میں دورہ مناسب نہیں ہے۔ ششانک منوہر کے مجوزہ دورے کے لیے شہریار خان کے چیئرمین کی حیثیت سے سبکدوشی سے قبل جولائی کا آخری ہفتہ رکھا گیا تھا۔