محکمہ موسمیات نے پیر سے جمعرات کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کر دی، بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ پہلے سے زیادہ شدید ہو گا، کوئٹہ سمیت بلوچستان اور بالائی علاقوں کے پہاڑی سلسلوںمیں شدید برف باری ہو گی ،کراچی میں منگل او ر بد ھ کو ابر کرم برسنے کا امکان ہے۔
سرما کی بارشوں کا تیسرا سلسلہ پیر سے شروع ہو گا ، ملک کے مختلف حصوں میں سرما کی بارشوں کا نیا سلسلہ زیادہ شدید ہو گا ،مغربی ہواؤں کا فعال سلسلہ بلوچستان میں داخل ہو گا ،اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیر سے بدھ کے دوران بلوچستان کے اکثر مقامات پر بارش ہو گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن کے پہاڑوں پر شدید برف باری ہو گی ۔بلوچستان سے بارش کا سلسلہ سندھ میںداخل ہو گا ، منگل اور بدھ کو کراچی میں سرما کی دوسری بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد ،پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر میں پیر سے جمعرات کے دوران اکثر مقامات پر بارش ہو گی، مری اور گلیات میں منگل سے جمعرات تک شدید برف باری ہو گی۔مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کشمیراور فاٹا کے پہاڑوں پربدھ اور جمعرات کو وقفے وقفے سےشدید برفباری کی پیش گوئی ہے۔بارشوں اور شدید برف باری کے پیش نظر خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اوربلوچستان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بارشوں سے متاثر علاقوں میں سفر سے قبل سڑکوں کی صورتِ حال کے بارے میں این ایچ اے، این ڈی ایم اے کی ہدایات پر عمل کریں۔