راولپنڈی (ویب ڈیسک) احتساب عدالت سے سزا کی صورت میں نواز شریف کو اڈیالہ جیل کے اسی کمرے میں رکھا جائے گا کہ جہاں وہ اس سے قبل پابند سلاسل رہ چکے ہیں جیل انتظامیہ نے اس حوالے سے انتظامات کر لئے ہیں اور کمرے کی صفائی ستھرائی کرالی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایون فیلڈریفرنس میں سزا کے بعد نواز شریف کو سینٹرل جیل اڈیالہ کی بی کلاس کے کمپاؤنڈ کے ایک کمرے میں13جولائی سے 11ستمبر تک قید رکھا گیا تھا۔ راولپنڈی پولیس نے سابق وزیر اعظم کی اڈیالہ جیل منتقلی کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کر لئے ہیں اور اس حوالے سے نفری کو آج صبح 7بجے طلب کر لیا گیا ہے اور حفاظتی روٹ کے لئے ان کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ امن وامان برقرار رکھنے کے لئے اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔اور انہیں اینٹی رائٹ کا سامان لے کر آج صبح اپنی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف دو نیب ریفرنسز العزیزیہ اور فلیگ شپ کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا محفوظ فیصلہ کچھ دیر بعد سنائیں گے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی احتساب عدالت کے باہر موجود ہے، جن میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، مرتضی جاوید عباسی، رانا تنویر، راجا ظفر الحق، مشاہد اللہ خان اور خرم دستگیر سمیت دیگر شامل ہیں۔