ٹوکیو…….بچے ہوں یا بڑے، آلو سب ہی کی من پسند غذا ہے جسے دنیا بھر میں الگ الگ انداز سے پکایا اور کھایا جاتا ہے۔ خاص طور پر اس سے بنے فرائز سب ہی بہت شوق سے کھاتے ہیں لیکن اب آلو کھائیں مگر ذرا احتیاط کے ساتھ۔جاپان میں ہونے والی ایک تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ آلو کا زیادہ استعمال شوگر جیسی بیماری کو دعوت دے سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق آلو چاہے بیک کئے ہوں،ابلے ہوئے ہوں، میش ہوں یافرائز، ہر صورت میں اس کا ذیادہ استعمال ذیابیطس جیسی بیماری کے خطرہ کاباعث بنتا ہے۔تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ آلوؤں کے روزانہ استعمال سے شوگر کا خطرہ 33 فیصد جبکہ ہفتے میں دو سے چار بار اس کا استعمال 7فیصدتک رسک بڑھادیتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چپس یا فرنچ فرائز شوگر بڑھانے میں سب سے زیادہ اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لئے آلوؤں کا محتاط استعمال ہی شوگر سے بچنے کے لئے بہترین حکمت عملی ہے۔