لاہور: حکومت کے تمام تردعوؤں کے باوجود ملک بھرمیں بجلی کا بحران شدت اختیارکرگیا ہے اورشارٹ فال 5 ہزار میگا واٹ تک جاپہنچا ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ایک مرتبہ پھر10 سے 14 گھنٹوں تک جاپہنچا ہے۔
ملک بھرمیں گرمی کی شدت بڑھنے سے بجلی کی طلب 17 ہزارمیگاواٹ تک پہنچ گئی ہے جب کہ بجلی کی پیداوار11 ہزار500 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
بجلی کی پیداواراورطلب میں فرق بڑھنے سے وسطی پنجاب کے شہری علاقوں میں 10 سے 12 جب کہ دیہات میں 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے تک جاپہنچا ہے۔ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج 15038 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، جنکوزسے 3047، آئی پی پیز سے 8174، ہائیڈل سے 3812 میگاواٹ بجلی جب کہ ہوا سے 280 اور شمسی توانائی سے 192 میگاواٹ بجلی کی پیداوارجاری ہے۔ ملک بھر میں کہیں بھی شیڈول سے ہٹ کر بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی۔