نیویارک / پیرس / فلوریڈا: بحر اوقیانوس میں جنم لینے والا تاریخ کا سب سے طاقتور طوفان ’’ اِرما ‘‘ کیریبین کے شمال مشرقی جزائر سے ٹکرا گیا.
امریکا کی نیشنل ویدر سروس نے ’’ ارما ‘‘ کو کیٹگری 5 کا طوفان قرار دیا ہے جو سب سے شدید طوفان کی علامت ہے، طوفان جزائر کیریبین سے ٹکرایا اور پورٹو ریکو، ڈومینیکن ری پبلک، ہیٹی اور کیوبا سے ٹکراتا ہوا امریکی ساحلی ریاست فلوریڈا سے جا ٹکرائے گا۔فرانس نے کہا ہے کہ طاقتور طوفان ارما نے کیریبین جزائر سینٹ مارٹن اور تھیلمی میں تباہی مچا دی ہے، طوفان کا دائرہ یورپی ملک فرانس کے برابر ہوگیا ہے،فلوریڈا کے کئی علاقے خالی کرا لیے گئے ہیں.
امریکا کے ہریکین سینٹر کے مطابق طوفان کے باعث 300 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن کی شدت مزید ایک دو روز تک برقرار رہے گی، ماہرین کا کہنا ہے کہ بحرِ اوقیانوس میں اس سے قبل اتنی شدت کا کوئی طوفان ریکارڈ نہیں کیا گیا، طوفان کے خطرے کے پیش نظر صدر ٹرمپ نے فلوریڈا اور امریکا کے زیر انتظام علاقوں پورٹوریکو اور ورجن آئی لینڈز میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے، لیوارڈ جزائر، برٹش اور یو ایس ورجن آئی لینڈز، پورٹرریکو میں طوفان کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔