اٹک : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتیں۔
اٹک میں وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ خود اپنی گاڑی چلاکر اسلام آباد اور لاہور کے درمیان سفر کرتے ہیں، سیکیورٹی رکھیں تو میڈیا میں تنقید ہوتی ہے اور سیکیورٹی نہ رکھیں تو حملوں کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو پتا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے اس کا ردعمل ضرور آئے گا۔
ہمیں ان کی شہادت پر فخر ہے، شجاع خانزادہ نے بہت بڑی قربانی دی ہے، ان کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، اٹک واقعے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے، اٹک دھماکے کے متاثرین کی ہرممکن مدد کی جائے گی اوروہ اسلسلے میں آج ہی وزیراعلیٰ پنجاب سے بات کریں گے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ سرحدوں پرحالات خراب ہیں، ملک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن سے امن وامان کی صورت حال بہترہوئی ہے، وہ رشید گوڈیل کی صحت یابی کےلیے دعاگو ہیں۔