سندھ کی تقسیم سب سے پہلے پیپلز پارٹی نے کی، کراچی کی زمینیں جیالوں کو اونے پونے داموں بیچی گئیں، تیر ختم ہو جائیں گے، حوصلہ پست نہیں ہو گا، فاروق ستار کا بلاول کو جواب۔
کراچی: بلاول بھٹو کے خطاب پر فاروق ستار نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ تیر ختم ہو جائیں گے، حوصلہ پست نہیں ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے، فیصلہ کر لیا تو علیحدہ صوبہ بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار بلاول بھٹو پر خوب برسے، کہتے ہیں سندھ کی تقسیم سب سے پہلے پیپلز پارٹی نے کی جس دن طے کر لیا تو علیحدہ صوبہ بھی بنا لیں گے۔ فاروق ستار نے استفسار کیا کہ میں رو رہا ہوں تم مسکرا رہے ہو، میں مسکرایا تو تم کیا کرو گے۔ فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ آج مینڈکی کو زکام ہوا، اگر بے وسیلہ ہو کر پاکستان بنا سکتے ہیں تو پھر بیٹا جس دن طے کر لیا پھر صوبہ بھی بنا کر دکھائیں گے۔
فاروق ستار کو خطاب کے دوران ایک پرچی بھی ملی۔ فاروق ستار نے پرچی پڑھ کر سنائی، لکھا تھا بلو رانی دوبارہ کہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کراچی میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے وسائل کی بندر بانٹ کی گئی، جلد ہی ایک وائٹ پیپر لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ستر فیصد ریونیو دینے والا شہر پانی کی بوند بوند کو ترس رہا ہے جس کیلئے ہڑتال اور دھرنا بھی دے سکتے ہیں۔
فاروق ستار نے اپنے خطاب کے دوران دس مطالبات بھی پیش کئے، کہتے ہیں کارکنوں کی گرفتاریوں اور چھاپوں کا سلسلہ بند اور جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیئس اگست کو ریاست مخالف چھاپ کو ختم کر دیا ہے، وزیر اعظم نے زبانی جمع خرچ کیا، مانیٹرنگ کمیٹی نہیں بنی۔