بارسلونا (زاہد مصطفی اعوان) پیپلز پارٹی اسپین اور یوتھ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 8ویں برسی کی تقریب بارسلونا کے مقامی ریسٹورنٹ میں ہوئی۔جس کی صدارت کوارڈی نیٹر پیپلز پارٹی اسپین حافظ عبدالرزاق صادق اور مہمان خصوصی پیپلز پارٹی یورپ کے کوارڈی نیٹر چوہدری کامران یوسف گھمن تھے۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت مرزا ندیم بیگ نے حا صل کی اور نعت رسول مقبول یوسف چوہدری نے پیش کی ، برسی کی تقریب کی نظامت حافظ عبدالرزاق صادق نے کی۔
محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 8ویں برسی کی تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے محترمہ کی پاکستان اور عوام پاکستان کے لئے کی جا نے والی سیاسی جدو جہد کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے مشکل حالات میں پاکستان کی سیاست میں قدم رکھا،اور اس باہمت نڈر اور حوصلہ مند خاتون نے سیاست کے میدان میں بڑی کا میابیا ں حا صل کیں جس کی سب سے بڑی مثال مسلم دنیا میں پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم بننا ہے۔پاکستان میں اگر آج جمہوریت ہے اور عوام اس سے بہرہ مند ہو رہے ہیں تو اس کا کریڈٹ بھٹو خاندان کو جا تا ہے جنہو ں نے اپنی جا نو ں کے نذرانے پیش کر کے پاکستان میں جمہوریت کو پروان چڑھایا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی دوبارہ عوام میں مقبولیت حا صل کر رہی ہے اور بہت جلد بلاول بھٹو بر سر اقتدارآئیں گے۔کیو نکہ اس وقت اگر کسی جماعت کے پاس کو ئی نوجوان قیادت ہے تو وہ صرف پیپلز پارٹی کے پاس بلاول بھٹو کی شکل میں ہے اور پاکستان کا نوجوان بلاول بھٹو کی طرف دیکھ رہا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں سوشلسٹ نظریات رکھنے والو ں نے مشکلات کا سامنا کیا ہے اور ان کی آواز کو دبایا گیا ہے چاہے وہ اسپین کی سوشلسٹ پارٹی ہو یا پاکستان کی پیپلز پارٹی دونو ں کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا ہے۔ اور ان کی سوچ اور انسان دوستی کے نظریہ کو ہر ممکن طریقہ سے عوام سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی ہے جس کے لئے دائیں بازو کی سیاسی جماعتو ں نے پراپیگنڈا اور میڈیا کا سہارا لیا ہے۔
محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کی تقریب سے مہمان خصوصی چوہدری کامران یوسف گھمن ، حافظ عبدالرزاق صادق ، امجد تارڑ ، چوہدری ساجد حسین گوندل ، محمد اقبال چوہدری ، فیض اللہ ساہی، چوہدری سجاد انور ،چوہدری نوید وڑائچ اور دیگر نے خطاب کیا تقریب کے اختتام پر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی رو ح کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کے لئے محمد اقبال چوہدری نے اجتماعی دعا کرائی انہو ں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مر حومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور جیالو ں کو ان کے نظریات اور سوچ کے مطابق پاکستان کی خد مت کر نے کا جذبہ عطا فرمائے آمین۔۔برسی میں شریک تمام شرکاء کو عشائیہ بھی دیا گیا۔