بلاول بھٹو کی ہدایت پر خورشید شاہ کا فاروق ستار کو فون ، آج شیخ رشید سے بھی اس سلسلے میں ملاقات کریں گے
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد وزیراعظم کے استعفے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں ، جس کیلئے آئندہ دو سے تین روز میں اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بلایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر خورشید شاہ نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں ، اپوزیشن لیڈر نے ایم کیو ایم پاکستان کے فاروق ستار سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے تبادلہ خیال کیا ، فاروق ستار نے اپوزیشن لیڈر کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔ خورشید شاہ آج شیخ رشید سے بھی ملاقات کریں گے۔ چوہدری شجاعت حسین اور آفتاب شیر پاؤ سے بھی اپوزیشن لیڈر کی جلد ملاقات متوقع ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی تمام اپوزیشن جماعتوں کو وزیراعظم کے استعفے کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر اکٹھا کرے گی جس مقصد کیلئے آئندہ دو سے تین روز میں اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بلوایا جائے گا۔ اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس کیلئے ریکوزیشن ، وزیر اعظم پر استعفے کے لئے دبائو بڑھانے کے لئے حکمت عملی بھی مرتب ہوگی ، وزیر اعظم نے استعفی نہ دیا تو پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر احتجاج ہوگا۔