پیرس ، پیپلز پارٹی فرانس کے راہنما کامران یوسف گھمن کے زیر اہتمام سفارتخانہ پاکستان کے سامنے قیادت کی گرفتاریوں اورنیب گردی کیخلاف بھرپور مظاہرہ
پیرس (صاحبزادہ عتیق سے) پیپلز پارٹی فرانس کے راہنما کامران یوسف گھمن کے زیر اہتمام سفارتخانہ پاکستان کے سامنے قیادت کی گرفتاریوں اورنیب گردی کیخلاف بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستانی سفارتخانہ فرانس کے سامنے پیپلز پارٹی یورپ کےسابق کوآرڈینیٹر کامران یوسف گھمن کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے سینئر راہنما اورکارکن بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر مطاہرین نے وزیراعظم اور ان کی اپوزیشن کش پالیسیوں پرسخت تنقید کرتے ہوئے عمران خان اور نیب کے خلاف سخت نعرے بازی کی ۔ مظاہرے کے اختتام پر سفارتخانہ پاکستان میں احتجاجی یادداشت بھی پیش کی گئی ۔
اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سابق کوآرڈینیٹر برائے یورپ کامران یوسف گھمن نے یورپ بھر میں احتجاجی مظاہروں کی کال دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اس کے حواری اپوزیشن کیخلاف جھوٹے مقدمات کا سلسلہ شروع کیے ہوئے ہیں تاکہ ان کی نااہلیوں سے قوم کی توجہ ہٹی رہے اور وہ اپنی لوٹ مار جاری رکھیں۔
اس موقع پر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سابق صدر آ صف علی زرداری اور محترمہ فریال تالپور کیخلاف یکطرفہ انتقامی کارروائی بند کی جائے ۔ پٹرولیم مصنوعات اور اشیاء خوردونوش کو عام پاکستانی کی قوت خرید میں لایا جائے۔ آئی ایم ایف سے ِعوام دشمن پروگرام اور معاہدے ختم کئے جائیں ۔ تمام وزارتوں سے غیر جمہوری افراد کو نکال باہر کیا جائے اور ان کی جگہ منتخب نمائندوں کو لگایا جائے اور پیپلزپارٹی کے خلاف حکومتی ایماء پر ہونے والی انتقامی کارروائی بند کی جائے۔
مظاہرین نے احتجاجی یادداشت سفارتخانہ پاکستان میں پیش کی جس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ آصف علی زرداری اور محترمہ فریال تالپور کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے