اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے حکومت کی جانب سے ریگولیٹری اتھارٹیز کو وزارتوں کے ماتحت کئے جانے کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ پیپلز پارٹی پر آج تک ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کی جا سکی۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی حکومت کی جانب سے ریگولیٹری اتھارٹیز کو وزارتوں کے ماتحت کئے جانے کے فیصلے کو چینلج کرے گی، ہم اس معاملے کو پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر چیلنج کریں گے، پارلیمنٹ میں حکومتی اکثریت کے باعث کچھ نہ ہوا تو عدالت جائیں گے کیوں کہ حکومت کا یہ فیصلہ وفاق کو کمزور کرنے کے مترادف ہے اور اس فیصلے کے پیچھے کرپشن کی داستانیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جب مشکل میں تھے تو ہمارے گلے کیوں لگے تھے، ہم نے جیلیں کاٹیں، ہماری جماعت کے رہنماؤں کی زبانیں کاٹی گئیں لیکن آج تک پیپلز پارٹی پر ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کی جا سکی۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: اوگرا اور نیپرا سمیت 5 ریگولیٹری اتھارٹیز وزارتوں کے سپرد
وزیر داخلہ کی جانب سے ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کے مطالبے پر خورشید شاہ نے کہا کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ سکیورٹی صورتحال کے باعث پبلک نہیں کی گئی تھی، ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ اب حکومت کے پاس ہے، وہ اسے پبلک کر دے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ڈلیور کیا تو کوئٹہ کمیشن رپورٹ میں ایسی باتیں کیوں کی گئیں۔