کراچی (یس ڈیسک) لال عروسی جوڑا پہنے، آنکھوں میں نئی زندگی کے سہانے خواب سجائے پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی بابل کے گھر سے پیا دیس رخصت ہو گئیں۔
شادی کی پروقار تقریب کا احوال یہ ہے کہ چہرے پر شرمیلی مسکراہٹ، لال عروسی جوڑا، ہاتھوں میں مہندی، آنکھوں میں نئی زندگی کے سہانے خواب، دل میں بابل کی یادیں لیے اپنے ہم سفر حشام ریاض شیخ کے ساتھ نئے سفر پر چل پڑی ہیں، تقریب تھی پروقار، ہال سجا تھا سفید اور سنہرے رنگ سے، سرخ جوڑا پہنے شرمیلا شرماتی ہوئی ہال میں داخل ہوئیں۔
دولہے میاں نے سفید شیروانی زیب تن کر رکھی تھی۔ شادی کا کھانا تھا سادہ، بادامی قورمہ اور پلاو، میٹھے میں گلاب جامن اور آئس کریم سے کی گئی مہمانوں کی تواضع۔ اس موقع پر دُلہا دولہن نے نیک تمناؤں کے اظہار پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سمیت پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی اور پیا دیس رخصت ہونے والی جیالی کو دعائیں دیں۔ اس موقع پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
اس سے پہلے شرماتی ہوئی یہ دلہن پارٹی کی ذمے داری نبھانے سینیٹ الیکشن میں اپنا ووٹ ڈالنے سندھ اسمبلی پہنچ گئیں۔ شرمیلا نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی مخالفت کرتے ہوئے انتخابات کی شفافیت کو برقرار رکھنے کی تائید کی۔
اسمبلی کے فلور سے سب کی دعاؤں میں رخصت ہونے والی شرمیلا کی نئی زندگی میں خوشیوں کے لئے سب ہی دعا گو ہیں۔