اسلام آباد (یس ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی مسلم لیگ (ن) کے نہیں بلکہ جمہوریت کے ساتھ ہے اور امید ہے نئے چیف الیکشن کمشنر ادارے میں موجود خامیاں دور کریں گے۔
اسلام آباد یں لاپتا افراد کمیشن میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بتایا کہ عمران خان حکومت سے بات کرنے کو تیار ہیں اگر ایسا ہے تو حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر تحریک انصاف سے بات کرے، پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں بلکہ ملک میں جمہوریت کی حامی ہے۔
سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اعتراف کیا کہ ہے کہ 9.3 ملین بیلٹ پیپرز باہر سے پرنٹ کرائے گئے لیکن اس کا کوئی جواز نہیں تھا تاہم اسے اس کا جواب دینا ہو گا اور نئے چیف الیکشن کمشنر کو اسے دیکھنا ہو گا، نئے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں ان کی ایمانداری پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا اور امید ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی خامیوں کو دور کریں گے۔