پاناما سکینڈل کی تحقیقات مکمل ہونے تک وزیر اعظم سے استعفیٰ بھی طلب نہیں کیا جائے گا ، حکومتی رہنمائوں سے رابطوں پر رحمان ملک کی سرزنش
لاہور (یس اُردو) پیپلز پارٹی نے رائے ونڈ دھرنے میں شرکت نہ کرنے اور تحقیقات مکمل ہونے تک وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پیپلز پارٹی کور کمیٹی اجلاس میں حکومتی رہنماؤں سے رابطوں پر رحمان ملک کی سرزنش بھی کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک انصاف کے رائے ونڈ دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے فیصلوں کے باعث دھرنے میں شرکت نہ کرنے کے باضابطہ فیصلے کے اعلان سے گریز کیا جا رہا ہے ۔ پیپلز پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلے کا اعلان کرنے سے تحریک انصاف سے مذاکرات میں مشکل پیش آسکتی ہے ۔ پیپلز پارٹی نے پاناما لیکس کے تحقیقات مکمل ہونے تک وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ بھی ملتوی کر دیا ہے ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ابھی تک پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا ۔ پیپلز پارٹی اپنے پرانے مؤقف پر قائم ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کے حکومتی رابطوں پر ان سے باز پرس کی گئی ۔ قمر زمان نے کہا کہ رحمان ملک اور اسحاق ڈار سینیٹرز ہیں ، وہ دونوں مل سکتے ہیں ۔