اسلام آباد: آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اورپاکستان کے عوام کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور ذوالفقار علی بھٹو اوربے نظیر نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی۔
آصف علی زرداری سے چوہدری لطیف اکبرکی قیادت میں کشمیریوں کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اورپاکستان کے عوام کشمیری عوام کے ساتھ ہیں، بھٹو اوربے نظیرنے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی، پاکستان اوربھارت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں جب کہ پیپلزپارٹی کشمیریوں پرہونے والے جبرکوختم کرنے میں کردارادا کرے گی۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دے، مذاکرات کے ذریعہ ہی مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جا سکتا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور پیلٹ گن اورمہلک ہتھیاروں کا استعمال فی الفوربند کیا جائے جب کہ گرفتارافراد بشمول حریت رہنماوٴں کورہا کیا جائے۔