لاہور: پی سی بی ہائی پرفارمنس کیمپ میں پریکٹس کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی جاری ہے، فوٹیج دکھاکر کرکٹرز کو خامیوں سے آگاہ کیا جانے لگا، پہلی بار آؤٹ ڈور نیٹ میں کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے پرکام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی ہائی پرفارمنس کیمپ میں شریک کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ جاری ہے،گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جم ٹریننگ کے بعد کھلاڑیوں نے شام کوبیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کی،موسم بہتر اور میدان خشک ہونے پر انھیں پہلی بار آؤٹ ڈور نیٹ میں مہارت بہتر بنانے کا موقع ملا، اس دوران سخت گرمی اور حبس کے باوجود اسپنرز اور فاسٹ بولرز الگ گروپس میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلیے سرگرم رہے۔
بیٹسمین ایک ایک کرکے سامنا کرنے کیلیے آئے تو کوچز نے ان کی تکنیک بہتر بنانے پر کام کیا، لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے ننکانہ صاحب کے طویل قامت پیسر محمد عرفان نے پی ایس ایل میں متاثر کن بولنگ کی تھی،مگر ایکشن اور رن اپ میں مسائل کے سبب کارکردگی میں تسلسل کی کمی رہی،ماضی میں اسپنر بلال آصف کے بولنگ ایکشن پر شکوک کا اظہار کیا گیا تھا۔