لاہور: پاک ورلڈ الیون ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران سیاسی نعرے بازی کی روک تھام کیلیے خصوصی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین 3میچز ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں شائقین کوسخت ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا ہوگا، اس حوالے سے رہنمائی کیلیے واضح ہدایات اسٹیڈیم کے گیٹس اور انکلوژرز میں آویزاں کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے تصدیق کی کہ میچز کے دوران اسٹیڈیم میں سیاسی تحریروں پر مبنی بینرز، پوسٹرز اور دیگر مواد لانے پر پابندی ہو گی، سیاسی نعرے بازی کی روک تھام کیلیے بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی، ہر انکلوژر میں تعینات خصوصی مجسٹریٹ شائقین سے ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنانے کیلیے مستعد رہیں گے، سیاسی نعرے بازی کرنے والوں کو موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کے حوالے کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پانی کی بوتلیں لے جانے پر بھی پابندی عائد اور اسٹیڈیم میں موجود اسٹالز پر ہی ٹھنڈا پانی و آئس کریم وغیرہ دستیاب ہو گی۔ لبرٹی چوک اور فیروز پور روڈ سے داخل ہونے کے بعد کسی بھی موقع پر بائیو میٹرک مشینوں سے شناخت کی جائے گی، اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے قبل جامہ تلاشی ہوگی، میٹل ڈیٹیکٹر سے بھی چیک کیا جائیگا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے شائقین سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل فائنل کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم ’’گونواز گو‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا تھا،اس کی ایک وجہ نجم سیٹھی کا حکومت کے قریبی حلقوں میں شمار کیا جانا تھا،اب وہ چیئرمین پی سی بی بن چکے جبکہ نواز شریف کو عدالت نے وزیر اعظم کے عہدے سے معزول کر دیا ہے۔