اسلام آباد: پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے وزیر اعظم نواز شریف کے کزن طارق شفیع کے لیے سوال نامہ تیارکرلیا ہے۔
وفاقی جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد میں پاناما جے آئی ٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے حکام کے بیانات اوران کی جانب سے فراہم کیے گئے ریکارڈ کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ کمیٹی چوہدری شوگر مل سمیت شریف خاندان کی دیگر کمپنیوں کے تمام ریکارڈ کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے وزیر اعظم نواز شریف کے کزن طارق شفیع کے لیے سوال نامہ تیارکرلیا ہے۔ ان سے حدیبیہ پیپرز ملز اور 90 کی دہائی میں ہونے والے کاروباری معاملات پر پوچھ گچھ کی جائے گی۔ واضح رہے کہ طارق شفیع کل جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوں گے جب کہ 3 جولائی کو حسن نواز، 4 کو حسین نواز جب کہ 5 کو مریم نواز پیش ہوں گی