کراچی: صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کل کراچی کا دورہ کریں گے۔ دورے کے موقع پر دونوں شخصیات کی مختلف مصروفیات ہوں گی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے دورے کے دوران نجی اسپتال کے ڈائلاسز یونٹ کا افتتاح کریں گے، اس سے قبل وزیر اعظم کل صبح ٹنڈو آدم میں گیس منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے۔ بعد ازاں گورنر ہاؤس میں وزیر اعظم کی زیر صدارت کراچی کے مختلف منصوبوں پر اجلاس ہوگا۔صدر مملکت جامعہ کراچی میں سیرت چیئر کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے علاوہ ممنون حسین رائس ایکسپورٹر ٹرافی ایوارڈ کی تقریب میں بھی شریک ہونگے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نے چند روز قبل کراچی کا دورہ کیا تھا جب شہر قائد میں بجلی کا بحران اپنے عروج پر پہنچ گیا تھا۔ وزیر اعظم نے کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو اپنے آپس کے معاملات حل کر کے شہر کو بجلی کی فراہمی کی ہدایت کی تھی۔