اسلام آباد (یس ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہئے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار یہاں ایوان صدر میں ترک سرمایہ کار کمپنی کے کوچ ہولڈنگ کے صدرفاتح کمال ابیجلی اولو کی قیادت میں ترکی کے بڑے سرمایہ کار گروپ کے وفد سے بدھ کو ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ترکی کے سفیر صادق بابرگرگن بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہو گئی ہے ، حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات مہیا کررہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں اپنا سرمایہ لگا رہے ہیں ،اس سے پاکستان کے زرمبادلہ میں خاصا اضافہ ہوا ہے، یہ پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر نی چاہئے تاکہ ان تعلقات میں مزید اضافہ ہو سکے۔