اسلام آباد (یس ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایشیائی اور افریقی ملکوں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
اس سلسلے میں پاکستان ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔ افریقی ممالک کے سفیروں سےگفتگو میں صدر مملکت کا کہناتھاکہ پاکستان افریقہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انھیں مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔
صدر نے کہا کہ افریقی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کیلئے بزنس وفود کے تبادلے بہت اہم ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ملکوں کو صنعت و تجارت اور ثقافتی شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔
صدر مملکت ممنون حسین سے ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن نے بھی ملاقات کی اور ترک صدر کی جانب سے تاریخی جنگ چناکلی کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔صدر نے ان سے بات چیت میں کہا کہ ترکی پاکستان کا برادر ملک ہے، دونوں ممالک کی عوام میں باہمی ابدی پیار ہے۔