پاک ارض وطن قدرت کا انمول تحفہ ہے، 73واں یوم آزادی تمام ہم وطنوں کو مبارک، کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی ہمارا قومی فریضہ ہے، چوہدری جہانگیر نواز
اوسلو؍اسلام آباد( ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز گلیانہ نے جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک ارض وطن قدرت کا حسین انمول تحفہ ہے ۔ اس کی قدر کی جائے اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہمارا قومی اورمذہبی فریضہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو کشمیر کے مسئلہ پر روائتی جوش وخروش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی اورکشمیری عوام کے جذبات کی صحیح ترجمانی کرنی چاہیے نہ کہ جس طرح وزیرخارجہ اور وزیراعظم پاکستان انتہائی سست روی سے کام لیتے ہوئے نئی نئی توجیہات پیش کرر ہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کازحکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے اور نصف صدی سے زاہد جدوجہد آزادی کیلئے قربانیاں دینے والی کشمیری قوم کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔
حکمران عیش و عشرت کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ایسے لوگوں کو پاکستان کی قدر منزلت کا کیا احساس ہو گا جنہوں نے پاکستان کی آزادی کیلئے خون کا ایک قطرہ بھی نہیں بہایا۔
ملک کے سیاسی و حکومتی قائدین کو سوچنا ہو گا کہ آج تک ہم وہ مقاصد کیوں حاصل نہیں کر پائے جس کی خاطر برصغیر کے مسلمانوں نے ایک الگ خطہ اراضی حاصل کرنے کیلئے بانیاں پاکستان قائداعظم اور علامہ اقبال نے ضرورت محسوس کی تھی۔ اگر ہم آج بھی خود انحصاری کے حصول کیلئے پُر عزم ہو جائیں تو قدرت نے ہمیں وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے۔ جنہیں بروئے کار لاکر قوم و ملک کی تقریر بدلی جا سکتی ہے۔