ماسکو (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے پارلیمنٹ کو آئین میں تبدیلیاں تجویز کی ہیں۔ ان میں خدا کے وجود کو تسلیم کرنا اور متفاوت (جنس مخالف سے شادی) شامل ہیں، ہم جنس پرستی کی مخالفت کی گئی۔ ترامیم میں کہا گیا ہےکہ مرد اور عورت کی شادی کا تعین خدا نے کیا ہے۔صدر پیوٹن نے گزشتہ جنور ی میں آئین مکمل تبدیل کردینے کی بات کی تھی جس سے ایک طوفان اٹھ کھڑا ہوا تھا اب صدر نے 1993ء کے بعد روسی آئین میں بنیادی تبدیلیاں تجویز کی ہیں۔ روسی ایوان زیریں نے دو گھنٹے کی بحث میں آئینی اصلاحات بل منظور کرلیا۔ 24؍ صفحات پر مشتمل نئی تجاویز کا دوسرا مطالعہ ایک ہفتے کے اندر ہوگا۔
روسی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر ویاچی سلاف ولووڈن کے مطابق صدر پیوٹن کی جانب سے آئینی اصلاحات کی تجاویز معاشرے کے تمام نمائندہ طبقات کے بعد صلاح و مشورے سے سامنے آئیں۔ تجاویز میں خدا پر ایمان جیسے الفاظ کو آئین میںشامل کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ زیادہ تر روسی آرتھوڈوکس عیسائی ہیں لیکن روس سرکاری طور پر لادین ریاست ہے۔