counter easy hit

مسعود اظہر پر پابندی کا مطالبہ بھارت کا سیاسی حربہ

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے کالعدم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر پر اقوام متحدہ میں پابندیوں سے متعلق جمع کروائی گئی قراداد کو سیاسی حربہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایسی کوششوں سے پاکستان میں اپنی دہشت گرد کارروائیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی جانب سے کالعدم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کے خلاف جمع کرائی گئی قرارداد پر چین کے اعتراض کے حوالے سے رپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ داعش اور القاعدہ سے متعلق سلامتی کونسل کی پابندی کمیٹی 1267 نے بھارت کی جانب سے سیاسی مقاصد کے لیے جمع کرائی گئی قرارداد مسترد کردی۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی قومی سلامتی کی کمیٹی رکن ممالک کی درخواست پر تنظیموں یا گروپوں پر پابندیاں لگانے سے متعلق درخواستوں کا جائزہ لیتی ہے۔

بھارت نے اس کمیٹی میں دہشت گردی سے منسلک 11 افراد اور تنظیموں کی فہرست پیش کی تھی۔

چین نے گزشتہ برس اکتوبر میں بھارتی درخواست کو ویٹو کرتے ہوئے اپنے اعتراض میں مزید 6 ماہ کی توسیع کی تھی، چین نے اس سے قبل اپریل 2015 میں بھی ہندوستان کی درخواست پر ’تکنیکی اعتراض‘ اٹھاتے ہوئے اقوام متحدہ سے درخواست کی تھی کہ وہ فی الحال اس پر عمل درآمد نہ کرے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘مسعود اظہر پر پابندی کیلئے اقوام متحدہ سے رابطہ’

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اگر چین دوبارہ اس پر اعتراض نہ اٹھاتا تو مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کے عمل میں پیش رفت کی راہ ہموار ہوجاتی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قرارداد کو روکنا دراصل بھارت کی جانب سے سیکیورٹی کونسل کی اس اہم کمیٹی کے کام کو کمزور کرنے کی کوشش کو مسترد کرنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کا نام لیے بغیر کہا کہ سلامتی کونسل میں بھارت کی قرارداد بے بنیاد الزامات پر مبنی تھی جس کا مقصد اپنے معتصبانہ ایجنڈے کو آگے بڑھانا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت کا الزام ہے کہ جیش محمد اور اس کے سربراہ مسعود اظہر پٹھان کوٹ ایئر بیس میں ہونے والے حملے میں ملوث ہیں۔

یہ حملہ دسمبر 2015 میں وزیر اعظم نواز شریف کی سالگرہ اور نواسی کی شادی کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اچانک دورہ لاہور کے چند دنوں بعد ہی ہوا تھا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ترجمان نے کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کے لیے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے، پاکستان نے خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں۔

مزید پڑھیں: مسعود اظہر کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی بھارت کی ریاستی پالیسی کا حصہ ہے اورہندستان دہشت گردی کرانے، دہشت گردوں کی معاونت کرنے اور وسائل فراہم کرنے میں ملوث ہے، جب کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بھارت کا کردار مشکوک ہے اور پاکستان بھارت کی ریاستی معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا شکار ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارتی ہتھکنڈے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سےتوجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔

نفیس زکریا نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کے مزید ثبوت اقوام متحدہ میں دیں گے،کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اس کا اعترافی بیان ہندوستان کی پاکستان میں مداخلت کا واضح ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پڑھیں: کلبھوشن یادیو کے انکشافات پر کئی افراد کو گرفتار کیا: نفیس ذکریا

اس سے قبل بھی دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاملات پر اختلافات سامنے آتے رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے بعد تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں.

دونوں ممالک میں تنازع اس وقت شدت اختیار کرگیا جب گزشتہ برس جولائی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے فوجی اڈے پر ہونے والے حملے کا الزام پاکستان پر لگایا گیا، جسے پاکستان نے مسترد کردیا۔

بھارت نے فوجی اڈے پر حملے کو بنیاد بنا کر پاکستان میں ہونے والی سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت سے بھی انکار کیا، جب کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سندھ طاس معاہدے کو توڑنے اور پاکستان کا پانی روکنے کی بھی دھمکی دی۔

بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول( ایل او سی) کی بھی مسلسل خلاف ورزی دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا باعث ہے۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website