لاہور(پ ر) لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے صدر و تاجر رہنما سردار اظہر سلطان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے منی بجٹ لانے اور عام استعمال کی اشیائے ضروریہ سمیت درآمدی اشیاء پرٹیکس ڈیوٹی بڑھانے کے باعث افراط زر میں اضافہ ہوا ہے اورمہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے ، یہ بات انہو ں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہو ں نے کہاکہ حکومت کو ریاستی انتظامات چلانے کیلئے ریونیو کی ضرورت ہے تاہم اس کیلئے ایسی معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں جن کے باعث حکومت کے ریونیو میں اضافہ ہو سکے اور غریب طبقے کے عوام کی زندگی بھی متاثرنہ ہو، تاہم حکومت کی جانب سے بنائی گئی غیر معاشی پالیسیوں اور منی بجٹ لانے کے باعث مہنگائی کا گراف بڑھنے لگا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درآمدی اشیاء خصوصاً الیکٹرونکس مصنوعات اور مشینری پر ٹیکس ڈیوٹی بڑھانے سے حکومت کے ریونیو پر منفی اثرات مرتب ہونگے اور سمگلنگ کو فروغ ملے گا جس کے باعث محکمہ کسٹم کی مشکلا ت میں بھی اضافہ ہوگا۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ٹیکس ڈیوٹیز میں کمی کرے تاکہ کاروباری افراد سمگلنگ کی بجائے قانونی طور پر درآمد کو ترجیح دیں۔جب درآمدی اشیاء پر ٹیکس ڈیوٹی زیادہ ہوگی تو لامحالہ سمگلنگ رجحان بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پر تعیش زندگی گزارنے والے امراء اور اشرافیہ پر ٹیکس لگائے اور غریبوں کے مشکلا ت کا ازالہ کرنے کیلئے ان پر خرچ کرے تاکہ ان کے معیار زندگی بہتر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ منی بجٹ آنے کے باعث مہنگائی شرح میں مزید اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسری جانب حکومت کے پاس خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی میکنیزم موجود نہیں ،اس لئے مہنگائی اور غربت کی وجہ سے نہ صرف لوگوں کی روزمرہ کی زندگی متاثر ہورہی ہے بلکہ جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے ۔