کویت میں رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ نے پاکستانی خاندان کے نو افراد کو لقمہ اجل بنا دیا، متاثرہ خاندان پندرہ سال سے کویت میں مقیم تھا اور اس کا تعلق میاں چنوں سے تھا، وزیر اعظم نواز شریف نے کویت میں جاں بحق ہونیوالے پاکستانیوں کی میتیں فوری وطن واپس لانے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور: (یس اُردو) عید کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔ کویت میں رہائشی عمارت میں لگی آگ نے نو پاکستانیوں کی جان لے لی۔ متاثرہ خاندان کو عید پر گھر آنا تھا مگر اب اس خوشی کی منزل میں کبھی خوشی نہیں آئے گی۔ اپنوں کی موت کی خبر جب آبائی شہر میاں چنوں پہنچی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔ ہر آنکھ اشکبار ہے۔متاثرہ گھر میں تعزیت کرنیوالوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔ متاثرہ خاندان پندرہ سال سے کویت کے شہر فروانیا میں رہائش پذیر تھا۔ صبح کے وقت مکان میں اچانک آگ لگی جس سے مکان میں موجود نو افراد لقمہ اجل بن گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں خاندان کا سربراہ آصف، ان کے دو بیٹے، دو بیٹیاں، بیوی، والدہ، بھائی اور بھتیجا شامل ہے۔ آتشزدگی کے واقعے میں ایک بھائی طارق زخمی ہوا ہے جبکہ ایک بھائی واقعے کے وقت گھر میں موجود نہیں تھا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کویت میں جاں بحق ہونیوالے پاکستانیوں کی متیوں کو واپس لانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے اور سیکریٹری ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سے کہا ہے کہ وہ اووسیز پاکستانیز اور دفتر خارجہ کی میتیں پاکستان لانے میں معاونت کریں۔