اسلام آباد : وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی، ملک کی سیکیورٹی کی صورتحال سمیت افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کی ہے، وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں ، آئی ڈی پیز کی واپسی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف کے رواں ماہ ہونے والے دورہ امریکہ کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ طالبان کے حملوں کے بعد افغانستان کی موجودہ صورتحال اور اس کے پاکستان پر اثرات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف شروع کی جانے والی پراپیگنڈہ مہم پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔