اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف ایک روزہ دورے پر کل سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں جہاں ان کے ہمراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی ہوں گے۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ دیگر اعلی حکام نے شرکت کی، اجلاس میں سعودی حکام کی جانب سے یمن میں فضائی حملے بند کرنے اور تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے فیصلے کو سراہا گیا جب کہ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب سے متعلق امور پر مشاورت بھی کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی سعودی عرب جائیں گے جب کہ وفد کے دیگر ارکان میں وزیر دفاع خواجہ آصف، طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری شامل ہوں گے۔