اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے ساری وفاقی کابینہ کی کارکردگی رپورٹ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 10 دسمبر کو اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اس اجلاس میں کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے وزراء کے قلمدان بھی تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی
جانب سے تمام وفاقی کابینہ کی کارکردگی رپورٹ لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، وزیر اعظم نے ہنگامی بنیادوں پر10 دسمبر کو وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں وزراء کی کاکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، یہ اجلاس صبح دس بجے سے لے کر شام تک جاری رہے گا۔ اس حوالے سے وزیر اعظم کی جانب سے احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ تمام وزراء اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ ذرائع نے اس حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اس اجلاس میں کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد مختلف وزراء کے قلمدان بھی تبدیلی کیے جا سکتے ہیں، وزیر اعظم کے احکامات ملتے ہی تمام وزراء اپنی اپنی کارکرددگی دکھانے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔ جبکہ اس اجلاس میں مشیر قانون برائے وزیر اعظم کا عہدہ چھوڑنے والے بابر اعوان کی کا قلمدان جبکہ وفاقی وزیر اعظم کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی وزارت کے قلمدان کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے سنیئر صحافیوں کے ساتھ ملاقات میں یہ عندیہ دیا تھا کہ چند روز بعد کارکردگی کی بنیادوں پر مختلف وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جا سکتے ہیں جبکہ کچھ وزراء سے قلمدان واپس بھی لیے جا سکتے ہیں۔