اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج مالیاتی امور سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں وزارت خزانہ اور ایف بی آر کےحکام کابینہ اور قومی اسمبلی کے اراکین کو مالیاتی معاملات پر بریفنگ دیں گے۔بریفنگ میں بیل آؤٹ پیکج کیلئے آئی ایم ایف کےساتھ معاہدہ کی شرائط اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔ بریفنگ کیلئے مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ سمیت معاشی ٹیم کے اہم ارکان شرکت کریں گے۔ وزیراعظم نے پارٹی ارکان اسمبلی اور وفاقی وزراء کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان ابتدائی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت پاکستان کو 3 سال میں 6 ارب ڈالر دیے جائیں گے۔ معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف بورڈ دے گا ۔ پاکستان کو ورلڈ بینک ، ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی دو سے تین ارب ڈالر ملیں گے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان کو 6 ارب ڈالر 39 ماہ میں قسطوں میں جاری کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف سے ممکنہ معاہدے کے خوفناک اثرات سامنے آنے لگے، ایک ہی دن میں ڈالر ہوشربا حد تک مہنگا ہوگیا، جمعہ کو کاروباری روز کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کا اضافہ، 142 روپے 70 پیسے میں فروخت ہوا۔