اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا سندھ کا خصوصی دورہ کرنے کا فیصلہ، وزیراعظم جنوری کے آخر میں سندھ کا طویل دورہ کریں گے، اس دوران کئی سیاسی رہنماوں سے اہم ملاقاتیں کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال میں خود عملی کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان ترکی کے اہم دورے سے واپس آنے کے بعد صوبہ سندھ کا اہم دورہ کریں گے۔عمران خان کی جانب سے وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد صوبہ سندھ کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ اس دوران وزیراعظم عمران خان سندھ کی کئی سیاسی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ خاص کر وزیراعظم گھوٹکی کا دورہ بھی کریں گے اور سندھ کے مشہور شیرازی برادران سے ملاقات بھی کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اپنے دورے کے دوران سندھ کی اتحادی جماعتوں اور پیپلز پارٹی کی مخالف سیاسی قوتوں کو یکجا کرنے کی کوشش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سندھ میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیں گے۔ اس دوران وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اندرون سندھ کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔