راولپنڈی (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ جس مرضی بادشاہ کے پاﺅں پڑ لیں ،این آر او نہیں ملے گا ،وزیر قانون سے کہاہے چھوٹے بڑے ڈاکوﺅں کیلئے ایک ہی قانون ہونا چاہئے ، نواز شریف اورآصف زرداری چوری کا آدھا پیسہ بھی ملک میں لے آئیں تو ڈالر نیچے آجائے گا ۔ راولپنڈی میں سرسید ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم سے وعدہ کیاتھا کہ ان سے حساب لیں گے ، ان کوجیل میں ائیر کنڈیشنر بھی چاہئے اور ٹی وی بھی مانگ رہے ہیں۔جیلوں میں ایسے رہ رہے ہیں کہ صرف چھوٹے چوروں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کہتے ہیں کہ انتقامی کارروائی ہورہی ہے ، انتقامی کارروائی میرے خلاف ہوئی تھی جب پانامہ کے پیچھے جانے پر میرے خلاف سپریم کورٹ میں دو کیسز لے جائے گئے اور 32ایف آئی آرز درج کی گئیں لیکن میںنے سپریم کورٹ میں رونا دھونانہیں کیا بلکہ جوا ب دیا ، اپوزیشن انتقامی کارروائی کا غلط الزام لگا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بننا شروع ہوگیاہے ، پاکستان میں اب طاقتور قانون کے نیچے ہوگا ،ان سب کی بیرون ملک اربوں کی پراپرٹی ہے ، شریفوں اور زرداریوں کی دولت 10سال میں بڑھی ہے ۔دونوں خاندانوں کے بچے ارب پتی بن گئے ہیں۔وزیر اعظم عمران نے کہا کہ میں نے قوم سے وعدہ کیا تھا ، یہ جتنا مرضی شور کرلیں ، ان سے جواب لوں گا ، میں نے عدالت میں جواب دیا تھا، اس سے بھی جواب لیں گے ۔اپوزیشن نے جو کرناہے کرلے ، جس مرضی بادشا ہ کے پاﺅں پڑلیں کوئی این آر او نہیں ملے گا ،شریفوں زرداریوں کے گھر دیکھیں ، ان کے بچے بھی ارب پتی بن گئے اورقوم مقروض ہو گئی ، ہمیں نچلے طبقے کے لوگوں کواوپر لیکر آنا ہے ۔دوسو ارب روپیہ نچلے طبقے پر خرچ کریں گے ۔ وزیراعظم نے سرسید ٹرین کے افتتاح پر شیخ رشید کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ٹرین لاہور سے کراچی میں آٹھ گھنٹے میں پہنچے گی ۔