واشنگٹن (نیوز ڈیسک ) وزیراعظم نے پاکستان پہنچنے سے قبل ہی وفاقی کابینہ کیلئے حکم جاری کر دیا، عمران خان پاکستان پہنچتے ہی فوری حکومتی امور سنبھال لیں گے، کل دوپہر کو کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر لیا، اجلاس میں وزراء کو دورہ امریکا سے متعلق اعتماد میں لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اگلے چند گھنٹوں میں امریکا کا دورہ مکمل کرکے پاکستان واپس پہنچ جائیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے ملک واپس پہنچنے سے قبل ہی کل دوپہر 3 بجے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان پہنچنے کے فوری بعد بنا کسی وقفے کے حکومتی امور سنبھال لیں گے۔ جبکہ وزیراعظم وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران اراکین کو اپنے دورہ امریکا کی تمام تفصیلات سے آگاہ کریں گے، انہیں اعتماد میں لیں گے۔واضح رہے کہ بدھ کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کا تاریخی دورہ امریکہ اختتام پذیر ہوا جس کے بعد اب وزیراعظم عمران خان وطن واپس آ رہے ہیں۔وزیراعظم کا طیارہ مختصر وقفے کیلئے دوحہ میں رکا۔ اس دوران وزیراعظم عمران خان اور قطری وزیراعظم کے درمیان ملاقات بھی ہوئی ہے۔ قطری وزیراعظم نے دوحہ ائیرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان امریکہ کا 3 روزہ کامیاب، تاریخی اور شاندار سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے واشنگٹن میں قیام کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کی، ارکان کانگریس اور امریکی تھنک ٹینک سے خطاب کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کیپیٹل ون ایرینا میں پاکستانی کمیونٹی کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ وہ منگل کی شام امریکہ کا 3 روزہ سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔ اس سے قبل وطن واپسی کے لیے ائیرپورٹ جانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے بڑی بڑی گاڑیوں میں سفر کرنے کی بجائے عام ٹرین کو ترجیح دی اور عام عوام کے ساتھ ٹرین میں سفر کیا جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔وطن واپس روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم عمران خان نے امریکہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں میں اوورسیز پاکستانیوں سے رابطہ رہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سب سے زیادہ عزت کرتا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کو زندگی میں بہت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ دورہ امریکہ نہایت اہمیت کا حامل تھا جس پر پوری دنیا کے میڈیا کی نظریں جمی ہوئی تھیں۔ وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکہ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی جو عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی جبکہ انہوں نے اہم امریکی عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کو فقید المثال دورہ قرار دیا جا رہا ہے