اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ کی کامیابی پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’82 سالہ ریکارڈ توڑنے پر یاسر شاہ کو مبارک باد دی۔‘ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے صرف 33 ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی تیز ترین ڈبل سنچری مکمل کرنے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو مبارک باد دیتے ہوئےکہا کہ وہ یاسر شاہ کو تیز ترین ٹیسٹ وکٹوں کا 82 سالہ ریکارڈ توڑنے پر مبارک باد دیتے ہیں،اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلین کرکٹر کے نام تھا۔ ‘ عمران خان کے لکھا کہ ’یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں 200 وکٹیں مکمل کرنے والے تیز ترین بائولر بن گئے ہیں، جنہوں نے صرف 33 میچز میں یہ ریکارڈ توڑا۔ وزیر اعظم نے مزید لکھا کہ گزشتہ ہفتے یاسر شاہ نے ٹیسٹ میچ میں 14 وکٹیں حاصل کیں تھیں جو کہ اُن کا ریکارڈ تھا۔ انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ‘ واضح رہے نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظبی ٹیسٹ کے چوتھےروز یاسر شاہ نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 200 وکٹیں مکمل کیں، اس طرح انہوں نے آسٹریلوی لیگ اسپنر کلیری گرمٹ کا 1936 میں 36 ٹیسٹ میچز میں بنایا گیا 200 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ یاد رہے کہ یاسر شاہ نے 22 اکتوبر 2014 کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 4 سال، ڈیڑھ ماہ کے کیریئر میں انہوں نے 200 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ نے تین مرتبہ 10 وکٹیں اور ایک اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو 16 مرتبہ آؤٹ کیا جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے کیرئیر کی بہترین بولنگ تھی۔