اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزرا کی کارکردگی پر نظر ثانی کے بعد اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کُل پانچ وفاقی وزرا کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کے قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان وزارتوں میں وزارت خزانہ، وزارت پٹرولیم اور وزیر مملکت برائے داخلہ کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسد عمر سے وزارت خزانہ کا قلمدان لے کر انہیں وزارت پٹرولیم کا قلمدان دیا جائے گا جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ کا عہدہ لے کر اعجاز شاہ کو دیا جائے گا۔ جبکہ وزیر پٹرولیم غلام سرور خان سے وزارت کا قلمدان واپس لے لیا جائے گا اور ان کو آگے کابینہ میں شامل کیا جاتا ہے یا نہیں اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ سامنے نہیں آ سکا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزرا کی کارکردگی پر نظر ثانی کی گئی جس میں وزارت ریلوے، توانائی اور مواصلات کی کارکردگی اچھی رہی۔