لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر اِن چیف میر شکیل الرحمٰن کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔
عدالتِ عالیہ نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد حکم جاری کیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے میر شکیل الرحمٰن اور ان کی اہلیہ شاہینہ شکیل کی درخواستوں پر سماعت کی۔
نیب کی طرف سے اسپیشل پراسیکیوٹر فیصل رضا بخاری اور عاصم ممتاز جبکہ میر شکیل الرحمٰن کی طرف سے بیرسٹر اعتزاز احسن عدالت میں پیش ہوئے۔
نیب پراسیکیوٹر نے سماعت شروع ہوتے ہی عدالت کے حکم پر دلائل دینا شروع کیے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ چیئرمین نیب کو ویڈیو لنک کے ذریعے تمام حقائق سے آگاہ کیا گیا تھا، آج کل تو سپریم کورٹ میں اور حکومتی فیصلے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیس کی تمام کارروائی چیئرمین نیب کے علم میں ہے، ان کی ہدایات پر تحقیقات ہو رہی ہیں۔