اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان 22 رکنی وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر آج دوپہر 4 بجے دوحہ پہنچیں گے، قطر کے وزیر ثقافت ایئرپورٹ پر وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کریں گے۔ قطری حکومت کی جانب سے عمران خان کے استقبال کی شاندار تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں پاکستان اور قطر کے مابین بڑے معاہدے اور اعلانات آج ہوں گے، پاکستان میں اربوں کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی آج متوقع ہے۔ قطر کے وزیر اعظم عبداللہ بن نصیر کی جانب سے عمران خان اور ان کے وفد کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں ظہرانہ دیا جائے گا، عمران خان اور قطری وزیراعظم کے درمیان وفود کی سطح پر اور ون ان ون ملاقاتیں ہوں گی۔جس میں دونوں وزرائے اعظم کے درمیان باہمی تجارت اور ایل این جی منصوبوں کے حوالے سے بات ہو گی۔ قطری حکومت کی جانب سے پاکستان کو فروخت کی جانے والی ایل این جی کی ادائیگیوں کے حوالے سے 3 ارب ڈالر تک موخر ادائیگی کی سہولت کا اعلان متوقع ہے۔ جبکہ اسلام آباد میں طالبان مذاکرات کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔عمران خان قطر میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ عمران خان کے ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، زلفی بخاری سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے قطر حکومت کی جانب سے تاریخی استقبال کرنے کی تیاریاں کی گئی ہیں، جبکہ عمران خان اپنے اس دورے میں ایک لاکھ پاکستانیوں کو نوکری دینے سے متعلق بات چیت کریں گے۔قطر بزنس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے بھی ملاقات ہوگی۔ جبکہ عمران خان کی قیادت میں وفد کی قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی سے بھی ملاقاتیں ہوں گی