اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کا پمز ہسپتال کا اچانک دورہ ، بہتر انتظامات اور سروسز کی فراہمی پر ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ،مریضوں کو معیاری علاج کی سہولیات کی فراہمی کے تسلسل کو جاری رکھا جائے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پمز ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔ وزیراعظم نے دورے کے دوران ہسپتال کے مختلف ڈیپارٹمنٹ ، نیوروسرجری، آرتھوپیڈک ، امراض چشم، اور ایمرجنسی شعبوں کا دورہ کیا ۔وزیر اعظم نے بہتر انتظامات اور سروسز کی فراہمی پر ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ۔ وزیراعظم نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو معیاری علاج کی سہولیات فراہمی کے تسلسل کو جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے زیر علاج مریضوں سے بھی بات چیت کی اور ان کا حال احوال دریافت کیا۔ زیر ر علاج مریضوں نے علاج اور دیگر سہولیات کے حوالے سے وزیراعظم کو اپنے اطمینان سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر صحت عامر کیانی، معاون خصوصی افتخار درانی، سینیٹر فیصل جاوید اور نوشیروان برکی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ دوسری طرف وزیر صحت عامر کیانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ آج پمز ہسپتال کا دورہ کیا، وزیر اعظم نے بہتر انتظامات اور سروسز کی فراہمی پر ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا، میں گزشتہ تین ماہ سے مسلسل پمز ہسپتال کا دورہ کر رہا ہوں اور آج کا پمز ہسپتال ماضی کے پمز ہسپتال کی نسبت بہت بہتر ہوگیا ہے۔