اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی تنظیم کا فیصلہ کرلیا، عمران خان نے پی ٹی آئی کی 20رکنی کور کمیٹی کی منظوری دے دی ہے، کور کمیٹی میں 16 قومی ارکان اسمبلی اور 4 نان پارلیمنٹرین ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سیاسی صورتحال کے پیش نظر پنجاب سمیت ملک بھر میں پارٹی کو مضبوط اور فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات سے پہلے پارٹی کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی کی 20 رکنی کور کمیٹی کی منظوری دے دی ہے، کور کمیٹی میں 16ارکان قومی اسمبلی اور 4 نان پارلیمنٹرین ہوں گے۔ مزید برآں وزیراعظم نے ہسپتال اور نرسنگ ٹریننگ سنٹر کا سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کیلئے شیخ رشید کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔تحریک انصاف اقتدار میں آئی پہلی کوشش تھی کہ ہسپتال مکمل ہو، انشاء اللہ زچہ بچہ ہسپتال کیلئے ٹاسک فورس پوری مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پہچان وہ ہوتی ہے جو اپنی عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ سرکاری ہسپتالوں کو بہتر کریں اور مزید ہسپتال بنائیں۔عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دے رہے ہیں ، وہ سات لاکھ 20ہزار میں کسی بھی ہسپتال میں علاج کروا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ہم نئی سوچ لا رہے ہیں، ہمارا احساس کا پروگرام ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کے مسائل کی ذمہ داری لے، ہم نے پناہ گاہیں بنائیں۔ عمران خان نے نوجوانوں کیلئے پروگرام لا رہے ہیں، نوجوانوں کو قرضے دینے ہیں، غریب گھرانوں کو ذریعہ معاش کیلئے وسائل دیں گے۔ دیہاتوں میں لوگوں کو مرغیاں ، بکریاں ، گائے ، بھینسیں دیں گے، تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں گے۔ ہم نے سستے گھروں کی اسکیم کا اجراء کردیا ہے۔ ہم نے گھر بنانے کا پروگرام تیار کرلیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ بات بالکل ٹھیک ہے، مہنگائی ہے، لوگ مشکل میں ہیں، بجلی ، گیس اور تیل مہنگا ہے۔