نیو یارک: وزیراعظم اور امریکی نائب صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مائیک پنس کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کی ترکی، ایران، اردن اور سری لنکا کے رہنماؤں سے بھی بات چیت ہوئی۔ روہنگیا مسلمانوں کے مسئلہ پر او آئی سی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔
اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نیو یارک میں ہیں۔وزیر اعظم نے نیو یارک میں مصروف وقت گزارا۔ وزیراعظم کی امریکی نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات ہوئی۔ مائیک پنس کا ملاقات میں کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں اور طویل مدتی شراکت داری چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا خطے کی سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان سے بہتر تعلقات کیلئے نئی راہیں تلاش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر حسن روحانی، ترک صدر رجب طیب اردوان، اردن کے شاہ عبداللہ اور سری لنکا کے رہنما سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں عالمی صورتحال اور باہمی دلچپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہد خاقان عباسی نے نیو یارک میں روہنگیا مسلمانوں کے مسئلے پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی حالت پرتشویش ہے، 4 لاکھ سے زائد افراد کو جبراً بےگھر ہونا پڑا۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ روہنگیا مسلمانوں کی آبادی کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بند کرانے کے لیے دباؤ ڈالے۔