وزیر اعظم نواز شریف نے نئی حج پالیسی کی منظوری دیدی۔ جنوبی علاقوں کے عازمین کیلئے حج پیکیج دو لاکھ چونسٹھ ہزار اور شمالی علاقوں کے عازمین کیلئے دو لاکھ پچپن ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے یس اُردو کو بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے حج پالیسی دو ہزار سولہ پر دستخط کر دیئے ہیں اور سمری وزارت مذہبی امور کو بھجوا دی ہے۔ اب وفاقی وزیر مذہبی امور چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں حج پالیسی دو ہزار سولہ کا باضابطہ اعلان کر دیں گے۔ وزیر اعظم کی منظور کردہ حج پالیسی میں شمالی علاقوں کے عازمین کیلئے حج پیکیج دو لاکھ پچپن ہزار روپے اور جنوبی علاقوں کے عازمین کے لئے حج پیکج دو لاکھ چونسٹھ ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ رواں برس ساٹھ فیصد عازمین سرکاری جبکہ باقی چالیس فیصد نجی کوٹے پر حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔ نئی حج پالیسی کے تحت تمام حجاج کرام کو ایئرپورٹس پر استقبالیہ دیا جائے گا جبکہ حجاج کی آسائش کیلئے ایئر کولر کے استعمال کی بھی تجویز دی گئی ہے