اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف چار روزہ دورہ امریکہ کیلئے روانہ ہ وگئے، امریکی صدر اوباما سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے بالخصوص افغانستان کی صورتحال، بھارتی اشتعال انگیزی پر بات چیت ہوگی۔
وزیراعظم نواز شریف آج امریکہ کے چار روزہ دورے کیلئے روانہ ہوگئے ، خاتون اول کلثوم نواز اور وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز اور وزیر داخلہ چودھری نثار علی بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ ہیں۔
امریکہ جانے سے قبل ایک روز لندن میں قیام کریں گے، منگل کو واشنگٹن پہنچیں گے، وزیراعظم نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو چین سے واشنگٹن پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز پہلے ہی امریکہ روانہ ہوچکے ہیں ، وزیراعظم نواز شریف بائیس اکتوبر کو امریکی صدر باراک اوبامہ سے وائٹ ہائوس ملاقات کریں گے، جس میں توانائی، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون، انسداد دہشتگردی کے حوالے سے امور پر بات چیت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کی صورتحال اور بھارتی اشتعال انگیزی اور سرحدی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی ملاقات میں زیرغور آئے گا۔
وزیراعظم نواز شریف امریکہ کے نائب صدر جوبائیڈن، خارجہ، دفاع، توانائی کے وزراء اور امریکی کانگریس کی خارجہ کمیٹی اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم آفس اسٹاف اور ان کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں پر مشتمل تیرہ رکنی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔