اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف سے امیرقطرشیخ تمیم بن حمادالثانی نے ون آن ون ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر 2 روزہ دورہ پر پاکستان آنے والے امیر قطر نے ون آن ون ملاقات کے دوران پاکستان کے ساتھ مضبوط اور مستحکم تعلقات کو آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی علامت ہے اور مضبوط پاکستان کے لئے تعاون جاری رکھیں گے جس کے لئے پاکستانی ماہرین اور افرادی قوت کے لئے قطر کے دروازے کھلے ہیں۔
اس سے قبل امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی نے صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی جس میں دونوں سربراہان مملکت نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ صدر ممنون حسین نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط معاشی تعلقات چاہتے ہیں جس کے لئے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ قطرکے حکمران کے طور پر شیخ تمیم بن حماد الثانی کا یاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے جن کے ساتھ وزرا، قطر ایئرویز کے چیئرمین اور دیگر سینئر حکام بھی وفد میں شامل ہیں۔