اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کے ساتھ سری لنکا میں کرکٹ سیریز کی اجازت دے دی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے بھارت کے ساتھ سیریز کے حوالے سے لکھے گئے خط کا جواب دیتے ہوئے پاکستان کو سری لنکا میں بھارت کے ساتھ سیریز کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء کر صرف محدود اوور کی کرکٹ سیریز کھیلی جائے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام چاہتے تھے کہ یہ پیسوں کا معاملہ ہے اس لئے بے شک بھارت میں ہی سیریز ہو ہمیں جانا چاہیئے تاہم وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے فنڈز کا رونا دھونا اپنی جگہ لیکن کسی ایسی جگہ پر نہیں جانا چاہیئے جہاں عزت نہ ہو، کھیل کے ساتھ پاکستان کا وقار مقدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ سیریز کے لئے سری لنکا ایک موزوں مقام ہے اور اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے بھی سری لنکا میں سیریز کے لئے اپنی حکومت کو خط لکھ دیا ہے جب کہ سری لنکن حکام نے بھی دونوں ممالک کی سیریز منعقد کرانے کو اپنی خوش قسمتی قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دسمبر میں یو اے ای میں تینوں طرز کی کرکٹ سیریز شیڈول ہیں تاہم بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث سیریز کروانے میں دشواری کا سامنا ہے۔