کوئٹہ (یس ڈیسک) وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بگٹی خاندان سے دیرینہ تعلقات ہیں، دعا ہے کہ بلوچستان میں جلد امن آئے۔
وزیرِاعظم نواز شریف طلال بگٹی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے لئے ان کے گھر پہنچے، ذرائع کے مطابق اس موقع پر گفتگو میں صوبے سمیت ملک بھر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے بگٹی قبیلے کے بے گھر افراد کو آباد کرنے کی بات کی۔
طلال بگٹی نے وزیراعظم کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے نواز شریف کی کوششوں سے بلوچستان میں امن قائم ہوا، اس موقع پر دونوں رہنماٴؤں نے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس سے قبل وزیرِاعظم نواز شریف نے آرمی چیف کے ہمراہ بلوچستان کی انسدادِ دہشتگردی فورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
وزیرِ اعظم نوازشریف کا کوئٹہ میں انسدادِ دہشتگردی کے خصوصی دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جہاں ایسے جاں باز سپاہی ہوں اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ ہم کو ہمت ، صبر سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔